سری لنکا کی حکومت سے اعتماد کا رشتہ ہے، شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سری لنکا کی حکومت سے اعتماد کا رشتہ ہے جبکہ سری لنکا کے ساتھ ہمارے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں صدر اور وزیراعظم کا پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں اور ہم سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سری لنکا کے وزیرخارجہ سے ملاقات ہوئی،جس میں سری لنکا کےوزیرخارجہ کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔
وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا کہ سری لنکن حکام سے باہمی دلچسپی کے امور پر مثبت گفتگو ہوئی جنکہ پاکستانی قیدیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سری لنکا کے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سری لنکن جیلوں میں قید پاکستانی جلد رہا ہوجائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اردن میں پاکستانی سفیر سے رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کیں، اردن میں گھر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سےآگ لگی، آگ لگنے سے13اموات ہوئی ہیں، جن کی شناخت بھی ہوگئی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اردن میں پاکستانی سفیر نے بتایا کہ متاثرہ خاندان سے رابطہ ہوا ہے اور متاثرہ فیملی جاں بحق افراد کی تدفین اردن میں ہی کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچے، کولمبو پہنچنے پر وزارت خارجہ سری لنکا کے ایڈیشنل سیکرٹری ایمبیسڈر پی سلوراج اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ کل سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گےجبکہ سری لنکا کے نومنتخب صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیں گے اور وزیر خارجہ اپنے مختصر دورہ ء سری لنکا کے دوران میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے اور خطے کی صورتحال اور اہم علاقائی امور پر پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News