بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں بابائےقوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کا144واں یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابائےقوم کی یوم پیدائش کے موقع پر سرکاری سطح پر پاکستان میں تعطیل ہو گی اور جناح صاحب کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی دارالحکومتوں میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوگی اور الیکٹرانک میڈیا بھی خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص اشاعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔
بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو سندھ کے موجودہ دار الحکومت کراچی میں پیدا ہوئے، انھوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں کیا۔ 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئے جہاں سے انھوں نے 1896 میں بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس آ گئے۔
وہ گھر جہاں قائد اعظم نے اپنا بچپن گزارا
بابائے قوم نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت سے کیا تاہم 1913 میں محمد علی جناح نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس دوران انھوں نے خود مختار ہندوستان میں مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کی خاطر مشہور چودہ نکات پیش کیے۔
کراچی میں جناح پونجا کے گھر جنم لینے والے اس بچے نے برصغیر کی نئی تاریخ رقم کی اور مسلمانوں کی ایسی قیادت کی جس کے بل پر پاکستان نے جنم لیا۔
قائدِ اعظم کی قیادت میں برِصغیر کے مسلمانوں نے نہ صرف برطانیہ سے آزادی حاصل کی، بلکہ تقسیمِ ہند کے ذریعے پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور آپ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے۔
قائدِ اعظم محمدعلی جناح کی زندگی جرات، ان تھک محنت، دیانت داری، عزمِ مصمّم ، حق گوئی کا حسین امتزاج تھی، برصغیر کی آزادی کے لیے بابائے قوم کا مؤقف دو ٹوک رہا، نہ کانگریس انھیں اپنی جگہ سے ہلا کسی نہ انگریز سرکار ان کی بولی لگا سکی۔
بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14اگست 1947کوبرصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔
آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے مسلمانوں کے اس عظیم رہنما نے 11 ستمبر، 1948 کو زیارت بلوچستان میں وفات پائی اور کراچی میں دفن ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
