پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ مضبوط مراسم ہیں، شاہ محمود

پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ مضبوط مراسم ہیں اور دونوں ممالک کے پاس ایک دوسرے سے مستفید ہونے کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کولمبو ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں وزیر اعظم عمران خان اور صدر پاکستان کی طرف سے نئ قیادت کے نام خصوصی خط لیکر سری لنکا پہنچا ہوں۔
شاہ محمود قریشی نےکہا کہ پاکستان اور سری لنکا نے باہمی طور پر ایک دوسرے کی ہمیشہ معاونت کی ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ سری لنکا کے نو منتخب صدر اور نئے مقرر کئے گئے وزیر اعظم دونوں شخصیات کے ساتھ ہماری گہری شناسائی ہے اور دونوں پاکستان کے دوست ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ موجودہ وزیر اعظم سری لنکا گذشتہ دو ادوار میں سری لنکا کے صدر رہ چکے ہیں ان کے ادوار میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تعلقات بہت مستحکم ہوئےاور میں انشاءاللہ کل سری لنکا کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کروں گا۔
یاد رہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچے، کولمبو پہنچنے پر وزارت خارجہ سری لنکا کے ایڈیشنل سیکرٹری ایمبیسڈر پی سلوراج اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ کل سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گےجبکہ سری لنکا کے نومنتخب صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیں گے اور وزیر خارجہ اپنے مختصر دورہ ء سری لنکا کے دوران میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے اور خطے کی صورتحال اور اہم علاقائی امور پر پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News