شاہ محمود قریشی کے وزیراعظم کی ہدایت پر مختلف ممالک سے رابطے

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف ممالک کے دورے کےلیے رابطے شروع کردیےہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے خصوصی ہدایت کی ہے کہ میں امن کی ہماری خواہش کو آگے بڑھانے کے لیے اور معاملات کو سلجھانے کیلئے ایران ،سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کروں اور میں اس کا ارادہ رکھتا ہوں اور ہم نے روابط شروع کر دئے ہیں تاکہ خطے کو جنگ سے بچانے کیلئے اور قیام امن کیلئے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ کیا جائے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطٰئ، عرصہ دراز سے کشیدگی کا شکار ہے، تین جنوری کے واقعات اور پھر آٹھ جنوری کو علی الصبح سامنے آنے والے ردعمل نے کشیدگی میں اضافہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی کوشش رہی ہے اور کوشش ہے کہ ہم معاملات کو سلجھائیں کیونکہ کہ یہ کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں جبکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خطہ مزید کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
امریکہ ایران کشیدگی، صورتحال بہتر کرنے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، وزیرخارجہ
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اس ساری صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کے فروغ کا فیصلہ کیا اور میری خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے گفت وشنید ہوئی ان سب کی یہی رائے ہے کہ ہم مل جل کر خطے کے امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر خارجہ کو فوری طور پر ایران، سعودی عرب اور امریکہ کے دوروں کی ہدایت کی تھی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے وزیر خارجہ اور آرمی چیف کو ٹاسک سونپ دیا اور کہا تھا کہ آرمی چیف متعلقہ عسکری قیادتوں سے رابطہ کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News