ریاست کے عوام کی عزت و وقار پر حرف نہیں آنے دونگا، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر زمینی تنازعہ نہیں بلکہ حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے، ریاست کے عوام کی عزت و وقار پر حرف نہیں آنے دونگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور جملہ قومی سیاسی قیادت فکری و نظریاتی انتشار ،تلخی کی سیاست ختم کر کے ملک میں یکجہتی کو فروغ دے
راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور جملہ قومی سیاسی قیادت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ فکری اور نظریاتی انتشار اور تلخی کی سیاست کو ختم کر کے ملک میں یکجہتی کو فروغ دیا جائے،پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کو قومی قیادت ملکر ہی ناکام بنا سکتی ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے یہ بھی کہا کہ کارکن جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے جبکہ اس نازک وقت میں آزادکشمیر کی عوام کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے اور کشمیری قوم تقسیم کشمیر کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تین سال میں اپنے منشور پر سوفیصد عمل کیا جو آج تک کسی حکومت نے نہیں کیا ، ہمارے دور حکومت میں تین سالوں میں تیرہویں آئینی ترمیم ،این ٹی ایس کا نفاذ، فری ایمرجنسی سروسز، ختم نبوت کا قانون ، گڈگورننس اور مثالی تعمیر وترقی ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے ،آمدہ الیکشن میں کارکردگی لیکر عوام میں جائیں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر سرخرو ہونگے ۔
کشمیر کی آزادی کے لیے صرف پاکستان کی حمایت ہی کافی ہے،وزیراعظم آزادکشمیر
راجہ فاروق حیدرنے کہاکہ افواج پاکستان اور کشمیری عوام ہندوستان کے ناپاک قدم آزادکشمیر میں داخل نہیں ہونے دینگے،ہمیں اپنی افواج پاکستان پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے ،وہ ہمارے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے یہ بھی کہاکہ آزادکشمیر کی حکومت اور حریت قیادت ملا کر ایسا’ امبریلا ‘بنایا جائے جو بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی نمائندگی کر سکے اور کشمیری خود اپنی بات دنیا تک پہنچا سکیں۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ ہندوستان سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے لیکن کشمیری ہندوستان کو اس مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر یوں کےلئے صرف وزارت خارجہ کا بیان کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،کشمیر یوں کو حق خودارادیت کے علاوہ کوئی حل قابل قبول نہیں جبکہ کشمیر یوں کا ایک ہی نعرہ ہونا چاہیے ’ ہمارا نعرہ سب سے بھاری ‘ رائے شماری ‘ رائے شماری ۔
اس موقع پر وزرا ءحکومت راجہ مشتاق احمد منہاس،راجہ نصیر احمد خان، ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان ، چوہدری شہزاد محمود، راجہ جاوید اقبال، راجہ محمد صدیق خان، ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی، مسلم لیگ ن ضلع مظفرآباد کے صدر ڈاکٹر راجہ محمد عارف خان ،مسلم لیگ ن خواتین ونگ کی عہدیداران بھی موجود تھیں ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News