چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اہم اجلاس

چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت محکمہ زراعت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں زراعت کے شعبے کی بہتری، کسانوں کو سہولیات اور تربیت کی فراہمی، زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافے اور انہیں منافع بخش بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی، زرعی گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بنیادی غذائی اجناس کے علاوہ دالوں، بیج، پھول، کلونجی، سونف، اسپغول، تلسی،شہد، مشروم کی پیداوار کو بڑھانے کی حوصلہ افزائی کیساتھ ساتھ واٹر مینجمنٹ اور منڈیوں کے انتظامی معاملات بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔
سیکرٹری زراعت واصف خورشید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر200ملین روپے کی لاگت سے دس تحصیلوں سے زرعی گریجویٹس کیلئے تقریبا 35ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ کاانٹرن شپ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جوکسانوں کو ہائی ویلیو اجناس کی پیداوار اور ان سے حاصل ہونے والے منافع کے بارے میں تربیت دیں گے۔
چیف سیکر ٹری کو بتایا گیا کہ جدیدٹیکنالوجی کے استعمال سے شہد کی پیداور کو بڑھانے کیلئے 25ملین روپے کی لاگت کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
زراعت و صنعت کے شعبوں سے کروڑوں لوگوں کا روزگار جڑا ہے
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ زراعت کی ترقی کیلئے وزیر اعظم پاکستا ن کے خصوصی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے محکمہ زراعت ٹھوس اقدامات کرے تاکہ کسانوں کےساتھ ساتھ عام عوام کو بھی اسکا فائدہ پہنچ سکے۔
چیف سیکرٹری نے بہاولپور اور رحیم یار خان میں ٹڈی دل پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ اس سلسلے میں ایریل سپر ے کیلئے وفاقی حکومت کی مدد بھی لی جائے گی۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے استفسار پر سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ اس وقت صوبے میں 104 سبزی منڈیاں مکمل طور پر فعال ہیں،50میں کسان پلیٹ فارم قائم کئے گئے ہیں جبکہ32ماڈل بازاروں میں بھی کسان پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں جہاں اب تک ایک لاکھ 69 ہزار آٹھ سو 45من زرعی اجناس فروخت کی گئی ہیں اور ان سے 16 لاکھ 85ہزار پانچ سو صارفین مستفید ہوئے ہیں۔
سیکرٹری زراعت واصف خورشید نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب تک چار ہزار پچانوے مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں اور 15فیکٹریوں، یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ 168ملین روپے کی ملاوٹ شدہ زرعی ادویات اور کھادوں کو ضبط کیا گیا، ملاوٹ کرنے والے 624افراد کیخلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ 24ملین روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔
چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے وزیر زراعت کو یقین دلایا کہ زراعت کی ترقی کیلئے شروع کئے جانیولے خصوصی اقدامات کیلئے متعلقہ محکموں کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا تا کہ زراعت کی ترقی کیلئے حکومتی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News