
ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو کی اسلام آباد میں جاری اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے ۔
دوران ملاقات پاک ترکی دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور جبکہ ایچ ایل ایس سی سی میکنزم اور باہمی دلچسپی کے متعدد پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حمایت، نہتے کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزائی کا موجب ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ افغان امن عمل اور وسطی ایشیا میں کشیدگی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی کسی بھی فریق کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکتی۔
ترک وزیرخارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے معاملات کے پرامن حل کیلئے، سفارتی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے، فریقین کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو ترک صدر کے ہمراہ پاکستان تشریف لائے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک صدر کے دورہ پاکستان اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے حوالے سے کہا تھا کہ ترک صدر نے اپنے بیان میں واضح پیغام دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر ترکی پاکستان کے ساتھ کھڑا تھا، کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ترک صدر کا اپنے خطاب میں کشمیر کے مسئلے کو اپنا اور ترکوں کا مسئلہ کہنا، غیر معمولی ہے ایسا بیان پہلے کسی ترک صدر کی طرف سے سامنے نہیں آیا جبکہ ایک آزاد ریاست، ہماری خارجہ پالیسی کے اہم نکتے کو اپنا نکتہ کہہ رہی ہے اس سے بڑی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News