
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں اپنے عہد کو یاد رکھیں اور انسانیت کی خدمت میں ہمدردی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
تفصیلات کے مطابق ایوان اقبال میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کر تے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا جتنی تیزی سے بدل رہی ہے اس میں بڑی تبدیلی صحت کے شعبے میں آرہی ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ایسا وزیراعظم ملا جن کا بڑا فوکس صحت کے شعبہ پر ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں ہیلتھ پروفیشنلز میں یہ کیفیت عام ہے کہ لڑکیاںمیڈیکل ایجوکیشن حاصل کرنے کے بعد اس پیشہ کو اختیارنہیں کرتیں حالانکہ لڑکوں کے مقابلے میں 80 فیصد زیادہ لڑکیاں پوزیشن حاصل کرتی ہیں ۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہیلتھ پروفیشنلز کو بہترین تعلیم دے کر باہر بھجوانے کی غلطی کی گئی اب یہ سودا پاکستان کو منظور نہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کرے اور یہ سب اسی وقت ممکن ہے جب صحت مند معاشرے کا قیام ممکن ہوگا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اخلاقیات کے اعتبار سے چیمپئن بنے،ا نہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاج سے احتیاط بہتر ہے ، جو قومیں علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتیں انہیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے کیونکہ بیماری میں مریض کا بہت زیادہ کردار ہوتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں ہیلتھ پروفیشنلز کی کمی کی وجہ سے آئندہ 8 سے 10 سالوں میں علاج ومعالجہ میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں جس کی وجہ ہیلتھ پروفیشنلز کی زیادہ تعداد کا تعلیم حاصل کرنے کے بعد پیشہ کو چھوڑ جانا ہے، میڈیکل ایجوکیشن حاصل کرنے کے بعد پروفیشنلز کو وہ سرمایہ قوم کو لوٹانا چاہیے جو ان پر تعلیم کے دوران لگایا گیا ہوتا ہے۔
صدر مملکت تین روزہ دورے پر لاہور جائیں گے
صدر مملکت نے گریجوایٹس، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی اور تلقین کی کہ وہ مریضوں کے علاج میں ہمدردی کے ساتھ پیش آئیں کیونکہ علاج میں 20 سے 30 فیصد ہمدرد ی کا عنصر اہم ہوتا ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اب تک 11500گریجوایٹس پیدا کر چکی ہے جس میں غیر ملکی طلباء بھی شامل ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر نے مزیدکہا کہ یونیورسٹی اپنے قیام سے لے کر اب تک پرانی جگہ پر قائم ہے جس کے دوسرے کیمپس کے لئے جگہ کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر 300سے زیادہ گریجوایٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ صدر مملکت نے پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے ۔
تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، سینڈیکٹ اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News