
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت سے امریکی وزارت خارجہ کے مشیر ناکس تھیمز نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہےاور ہمارا آئین کسی شہری کودوسرے شہری کے عقائد کی توہین یا تضحیک کی اجازت نہیں دیتا ۔
راجہ بشارت نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اسمبلی کسی بھی مذہبی عقیدہ پر پابندی کے حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں کر رہی جبکہ کسی بھی مذہب کے بارے میں توہین آمیز واد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے ۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے مزید کہا کہ ہمسایہ ملک میں اقلیتوں سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، بھارت کی صورت حال عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے مشیر ناکس تھیمز سے ہونے والی اس ملاقات میں افسر خارجہ امور رضی ہاشمی اور امریکی قونصلیٹ لاہور کے پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف بیری یونکر بھی انکے ہمراہ تھے۔
واضح رہے اسے سے قبل صوبائی وزیر قانون وسوشل ویلفیئر راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا ، جس میں محکمہ سکول ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ،سپیشلائزڈ ہیلتھ، پرائمری ہیلتھ اورہاؤسنگ میں بینائی سے محروم افراد کی کنٹریکٹ پر منتقلی کا جائزہ لیا گیا تھا ۔
اجلاس میں راجہ بشارت نے کہا تھا کہ 16 فروری تک باقی تمام افراد کی بھرتی یقینی بنائی جائے اور اگر بھرتی کے معاملے میں کسی قسم کی قانونی یا دیگر مشکلات آرہی ہیں تو کمیٹی کے نوٹس میں لایا جائے۔
صوبائی وزیر قانون وسوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے اجلاس میں مزید کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News