پاکستان کے پہلے وزیراعظم قائد ملت لیاقت علی خان کی اہلیہ اور پاکستان کی نامورسماجی شخصیت بیگم رعنا لیاقت علی خان کا 115 واں یوم پیدائش آج عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کی زوجہ محترمہ بیگم رعنا لیاقت، 13 فروری 1905 کو پیدا ہوئی اور انھوں نے لکھنو یونیورسٹی سے معاشیات اور عمرانیات میں ایم اے کیا، 1933میں اسلام قبول کیا اور نوابزادہ لیاقت علی خاں سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
14ستمبر 1954کوانھیں نیدرلینڈ میں پاکستان کی سفیرمقرر کیاگیا، بعدازاں وہ اٹلی اورتیونس میں پاکستان کی سفیررہیں اور پاکستان کا بچہ بچہ آج بھی انکی خدمات کا شکر گزار ہے ۔
پاکستان کی آزادی کے بعد رعنا لیاقت نے خواتین کی خدمت کا بیڑا اٹھایا انہوں نے پاکستان وومن والنٹیر سروس اور پھر آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد ڈالی جو آج بھی پاکستانی خواتین کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
13فروری 1973کو بیگم رعنالیاقت علی کی68ویں سالگرہ کے دن انھیں سندھ کا گورنر مقررکیا گیا اور بیگم رعنا لیاقت علی پاکستان کے کسی بھی صوبے کی گورنری پرفائز ہونے والی پاکستان کی پہلی ہی نہیں، اب تک کی واحدخاتون بھی ہیں۔
بیگم رعنا لیاقت علی خان کو ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے متعدد اعزازات سے بھی نوازہ گیا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سےانہیں انسانی حقوق کا ایوارڈ اور حکومت پاکستان کی جانب سے نشان امتیاز کے اعزاز سے نوازا گیا ۔
ایک بے حد فعال زندگی گزارنے کے بعد 13 جون 1990ء کو بیگم رعنا لیاقت علی خان اس دنیا سے رخصت ہوئیں۔ انہیں قائد اعظم کے مزار کے احاطے میں اپنے شوہر لیاقت علی خان کے پہلو میں آسودۂ خاک کیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
