
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایرانی سرحد کے قریب فرنٹئیر کور (ایف سی) کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 اہلکار شہید اور ایک افسر سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایف سی حکام کے مطابق بدھ کی شام کو تربت سے تقریباً 130 کلومیٹر دور ضلع کیچ کے علاقے مند میں ردیگ کے مقام پر فرنٹیئر کور بلوچستان کی 165 ونگ کے قافلے پر کیا گیا۔
گھات لگائے مسلح عسکریت پسندوں نے مختلف اطراف سے قافلے میں شامل گاڑیوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔
تربت میں ایف سی پوسٹ پر حملہ، 5 اہلکار جاں بحق
ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملے میں ایف سی کے دو اہلکار سپاہی رضوان اور سپاہی اکبر شہید ہوگئے۔ 4 اہلکار زخمی ہوئے جن میں میجر مشتاق اور نائب صوبیدار ظہور بھی شامل ہیں۔
حملے کی اطلاع پر قریبی چیک پوسٹوں اور مند سے ایف سی کی مزید نفری پہنچی تاہم اس سے پہلے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سکیورٹی عہدے دار کے مطابق حملہ آور چند کلومیٹر دوری پر واقع ایرانی سرحد کی طرف فرار ہوئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو دو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ایف سی ہیڈکوارٹر تربت پہنچادیا گیا ہے۔ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے اس علاقے میں بلوچ علیحدگی پسند مسلح تنظیمیں اس سے قبل بھی فورسز پر اس طرز کے حملے کرچکی ہیں۔ تازہ حملے کی ذمہ داری بھی کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔
واضح رہے اس قبل بھی گزشتہ ماہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ (تربت) میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کی طرف سے حملے کے نتیجے میں 5 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News