
وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر وزارت صحت کی جانب سے ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کی سفارش کو مسترد کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔سندھ کے تین اور پنجاب کا ایک اسپتال صوبائی انتظام میں رکھنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اجلاس میں وزارت صحت نے کابینہ کو چین اور ایران سے واپس آنے والے افراد کی نگہداشت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد5ہو گئی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ادارہ شماریات کے اشاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔حکومتی اقدامات کے باعث معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور ملاوٹ کرنے والوں کی سرکوبی کریں۔
کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اسکولوں میں بچوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو جسمانی سزا دینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اس ضمن میں وزارت انسانی حقوق کو قانون سازی کی ہدایت کردی گئی ہے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ ٹیرف، بجلی کی اووربلنگ سے متعلق وزیر توانائی عمر ایوب نے کابینہ کو بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے عمر ایوب کی صلاحتیوں کی تعریف کی اور بجلی چوری، اوور بلنگ سے متعلق اقدامات کی ہدایت دی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوا ن نے بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو آئندہ 25 سال کی پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ کابینہ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر کوئی لائحہ عمل طے کرے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News