
وفاقی وزیرداخلہ سید اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پوری دنیا میں اب پاکستان پر امن خطے کے طور پر جانا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ سید اعجاز شاہ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں پاکستان کی پوزیشن دوسرے ممالک کی نسبت بہتر ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک ایران بارڈر پر زائرین کا دباو کم کرنے کے لیے تجویز دی گئی ہے کہ بارڈر پر موجود تمام صوبوں کے زائرین کو ان کی صوبائی حکومتیں اپنے صوبوں میں لے جاکر انڈر آبزرویشن رکھیں اور ان کی نگہداشت کریں۔
اعجاز شاہ نے یہ بھی کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے وزیر اعظم پاکستان خود مانیٹر کررہے ہیں اور کرونا وائرس سے درپیش صورتحال سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت کو مطلوبہ طبی و تشخیصی سامان فراہم کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک ایران بارڈر پر زائرین کے طبی معائنے کے لیے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاہم یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ضروری نہیں کہ کورونا وائرس چین یا ایران کے دورے سے ہی پھیلے ۔
سید اعجاز شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھانسی نزلے اور زکام کی شکایات پر فوری طور پر تشخیص کے لیے رجوع کیا جائے تاکہ یہ وائرس متاثرہ شخص سے دوسرے افراد کو منتقل نہ ہو جبکہ میڈیا عوام کو آگاہی کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
سکیورٹی کی صورتحال میں واضح حد تک بہتری آئی ہے، وزیرداخلہ
اعجاز شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے،صوبے میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات بجھتے چراغ کے آخری شعلے ہیں جبکہ صوبے کی رونقیں لوٹ آئی ہیں اور مارکٹیں آباد ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ سید اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لیے صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں ان کی ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ریٹائرڈ) فضیل اصغر، آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ اور دیگر حکام موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News