
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے سٹاک ایکسچینج اور کاروباری سرگرمیوں میں مندی کے گہرے اثرات ہیں، اس مشکل معاشی صورتحال میں کاروباری برادری کی مدد اور رہنمائی کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا بے حد شکرگزار ہوں کہ آپ یہاں اس مشاورت میں تشریف فرما ہیں اور اس اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ صنعتکار، تاجراورکاروباری برادری جن مشکلات سے دوچار ہے، ان سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
شہبازشریف نے کہا کہ قوم کو آج اپنی زندگی کے ایک مشکل ترین امتحان کا سامنا ہے، چھوٹے بڑے تاجروں سے موجودہ معاشی مشکلات پر ہمدردی اور افسوس ہے جبکہ کاروباری برادری جس بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی ہے، مجھے اس کا اداراک ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے یہ بھی کہا کہ آپ کی مشاورت اورتجاویزسے ایک چارٹرآف ڈیمانڈ مرتب کرکے حکومت کو پیش کیاجائے جبکہاصل خطرہ کورونا سے زیادہ اس چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت، سنجیدگی اور عزم کا ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ اللہ کریم مشکل حالات میں ہمیشہ انسانوں کی مدد فرماتا ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک طرف کورونا قوم کی جان لے رہا ہے تو دوسری طرف روٹی، روزگار کے لالے پڑے ہوئے ہیں جبکہ گھر میں رہنا مجبوری ہے لیکن روٹی، روزگار، کاروبار چلانا بھی ضروری ہے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک چیلنج یہ ہے کہ لوگ محفوظ فاصلے پر رہیں تاکہ ان کی اور دیگر افراد کی زندگی بچائیں جبکہ دوسرا چیلنج یہ ہے کہ زندگی کا پہیہ بھی نہ رکے
اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں جب ہم نے ذمہ داری سنبھالی تھی تو حالات آسان نہیں تھے، پوری قوم نے دیکھا کہ بجلی کے اندھیرے بھی دور ہوئے، صنعت اور کاروبار کا پہیہ بھی رواں ہوا جبکہ دن رات محنت سے الحمداللہ ترقی کی شرح 5.8 فیصد پر پہنچی اورمہنگائی کی شرح ریکارڈ3 فیصد کی نچلی ترین سطح پرآئی
ملک میں کورونا وائرس کے افراد کی تعداد 2300 سے تجاوز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے یہ بھی کہا کہ ساری دنیا نے دیکھا تھا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود پالیسی ریٹ ساڑھے 6 فیصد پر رہا، تمام شعبہ جات کو یکساں اور متوازن انداز سے سازگار ماحول فراہم کیاگیا اور زراعت، صنعت، حرفت، تجارت، پیدوار، خدمات غرض تمام شعبوں میں نمایاں بہتری دکھائی دے رہی تھی
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے تجربے، مشاورت اور حالات کی روشنی میں قومی حکمت عملی مرتب کی ہے جبکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری تیار کردہ قومی حکمت عملی قوم کو مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے
قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں صنعت، فیکٹری، مل، دکاندارسمیت مزدور اورغریب ترین طبقات سب کا خیال رکھا ہے، میری آپ سے درخواست ہوگی کہ آپ سب کے تجربے، مہارت اور قیمتی آراءوتجاویز سے استفادہ کیا جائے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم پٹرول اور ڈیزل کی قیمت فوری طورپر کم کرکے 70 روپے فی لٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس سے حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News