
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم، مل کر اس وبا کے چیلنج سے نبرد آزما ہونا ہے یہ پوری قوم کیلئے کڑے امتحان کا وقت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ سیل کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر ڈی جی کرائسز مینجمنٹ سیل سلمان اطہر نے سیل کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دی ۔
اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایمرجینسی کرائسز مینجمنٹ سیل میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد واپسی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیل میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسران اور عملے کو شاباش دی۔
عالمی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، وزیر خارجہ
وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل کے دورہ میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ انشاء اللہ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ اس وبائی عفریت کو شکست دیں گے۔
واضح رہے اس سے قبل وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں کرونا وبائی صورتحال اور اس وبا کے نتیجے میں معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا تھا۔
وزیرخارجہ نےکہا تھا کہ پاکستان جیسے کم معاشی وسائل کے حامل ترقی پذیر ممالک کو، اس وبا اور ملکی معیشت پر اس کے مضر اثرات سے نبرد آزما ہونے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایک طرف برآمدات کی شرح میں بہت حد تک کمی واقع ہو چکی ہے تو دوسری طرف لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News