
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان, افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت اپنا مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوريل سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان کرونا عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہواجبکہ افغان امن عمل بالخصوص امریکہ اور طالبان کے مابین طے پانے والے حالیہ امن معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔
ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں کا اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے، مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ جبکہ وزیر خارجہ نے کرونا وائرس کے سبب یورپی یونین کے ممبر ممالک میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے موجودہ وبائی تناظر میں ،یورپی یونین کے سربراہ برائے امور خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ آٹھ ماہ سے مسلسل کرفیو جاری ہے جس کے باعث وہاں ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وبا کے پھیلاؤ کو ر روکنے کیلئے ان پابندیوں کو ہٹایا جانا ناگزیر ہے جبکہ 80 لاکھ کشمیری، بھارتی استبداد سے نجات کیلئے عالمی برادری کی توجہ کے منتظر ہیں۔
پاکستانی وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ اس عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے، کم وسائل کے حامل، ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئیے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ وہ اپنے وسائل اس عالمی چیلنج سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے بروئے کار لا سکیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے، یورپی یونین کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات قابل ستائش ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یورپی یونین، ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی ری اسٹرکچر کی تجویز کو آگے بڑھانے میں ہماری بھرپور معاونت کریگا
اس موقع پر ییورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوريل نے اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں اظہار یکجہتی کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا جبکہ وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوريل کو، حالات معمول پر آنے کے بعد دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News