مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر کہتےہیں صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن میں دو ہفتے کی توسیع کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن میں دو ہفتے کی توسیع کی گئی ہےجبکہ ہارڈویئر، ٹمبرڈپو، آرامشین،پائپ موٹرشاپ،الیکٹرک دکانوں کے کھلنے پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر رکشے اور مزدوروں کو لیجانے والی پرائیویٹ گاڑیاں بھی چلیں گی۔
پریس کانفرنس مین اجمل وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمود خان نےذاتی پراپرٹی کا2ماہ کاکرایہ نہ لینےکافیصلہ کیا ہےجبکہ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، سرکاری و نجی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ ملک میں ہونے والی 107 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں 38، سندھ میں 35، پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں پہلے 14 اپریل تک توسیع کی گئی تھی لیکن اب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے توسیع کا اعلان کردیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس ٹیسٹ کٹس آگئی ہیں اور ہم ٹیسٹنگ تیزی سے بڑھائیں گے اور اب تک صوبے میں ٹیسٹنگ کی استعداد 1500 تک لے آئے ہیں جبکہ اس سے قبل 500 سے 600 ٹیسٹ ہورہے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سماجی دوری اور احتیاطی تدابیر ہی اس بیماری سے بچاؤکا حل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حیدر آباد میں تبلیغی جماعت کے 122 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 110 صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد انہیں اپنے آبائی اضلاع میں بھیجا جارہا ہے جبکہ ان میں چند غیر ملکی ہیں اور رائیونڈ انتظامیہ سے بات کرکے انہیں بھی واپس بھیجیں گے‘۔