
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے وباء کا پھیلاؤ ہوا ہے لہزا سمارٹ لاک ڈاؤن کے دائرہ کار کوبڑھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں این سی او سی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی او سی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئےکہا کہ آج کے اجلاس میں بھی کورونا صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس وقت ملک میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ کورونا کے مریض ہیں جبکہ جون کے آخر تک مریضوں کی تعداد تین لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے دیگر ممالک سے بہتر فیصلے کیے،موجودہ صورتحال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک تعداد 10لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، عوام سے بار بار اپیل کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا کہ حفاظتی تدابیر سے وباء کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے، تحقیق کے مطابق فیس ماسک کا استعمال کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں معاون ہےجبکہ فیس ماسک کے استعمال کیساتھ سماجی فاصلے کے اصول پر عملدرآمد بھی ضروری ہے۔
کورونا کا ملک بھر میں پھیلاؤ جاری
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جا رہی ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی کیونکہ اگر احتیاط نہیں ہو گی تو وباء مزید پھیلے گی۔
اسد عمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں وباء کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنا ہے تاکہ صحت کے نظام پر دباؤ نہ ہو، جولائی کے آخر تک وفاقی حکومت 2150آکسیجن بیڈ فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے صوبوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے، آئندہ 4سے 6ہفتوں میں یومیہ ٹیسٹ کی صلاحیت ڈیڑھ لاکھ تک لے جائینگے جبکہ گزشتہ دو روز سے یومیہ 30ہزار سے زائد ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News