
پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بتائی گئی اور کورونا کے حوالے سے کی جانے والی تجاویز کو نظرانداز کرنا قابل مذمت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے کورونا کیسز میں اضافہ اور وفاقی وزراء کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے سلیکٹیڈ حکومت کی نااہلی کے باعث کیسز میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز دیکھ لیں کہ عمران خان کی سلیکٹ کی ہوئی نااہل ٹیم نے ملک کا کیا حشر کردیا ہے اور حکومت نے عوام کو بچانے کی بجائے گمراہ کن بیانات دیکر انہیں کورونا کے منہ میں دھکیلا ہے۔
نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کہتے ہیں انہیں اتنی اموات کا اندازہ نہیں تھا اور سامنے آنی والی مختلف رپورٹس کے مطابق پاکستان میں اموات کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اسد عمر این سی او سی کی صدارت کرنے کے اہل نہیں ہیں کیونکہ اسد عمر نے پہلے اٹلی سے موازنہ نہ کرنے کا کہا تھا اور پھر پاکستان میں مزید کیسز کا کہا۔
نفیسہ شاہ کی جانب سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا این سی او سی کورونا کے حوالے سے ملکی تمام تر حالات اور ان تمام خدشات سے لاعلم ہے؟ اس کے ساتھ ہی ساتھ گذارش بھی کی ہے کہ حکومت عوام کی جانوں کے ساتھ مزید کھیل کھیلنا بند کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News