
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے ٹیکسوں کی وصولی میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے،اگر درآمدات کم نہ ہوتیں تو محصولات مزید بڑھتے۔
اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا پوسٹ بجٹ میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ یہ بجٹ ایسے سال میں دیا جارہا ہے جو دقت والا سال ہے، حکومت نے ایسے معاشی حالات میں بڑے فیصلے کیے ہیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ اب جو بجٹ دیا ہے اس میں کورونا سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو دیکھنے والوں کو یہ بات مد نظر رکھنی ہوگی کہ 9 ماہ کے عرصے کے قرضوں کا بوجھ 30 ہزار ارب تھا۔5ہزار ارب روپے قرضوں کی واپسی پر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ریسورس بجٹ 2000ارب روپے ہے۔ حکومت نے 2700 ارب روپے واپس کیے ہیں۔اسٹیٹ بینک سے ایک روپیہ نہیں لیا گیا اور کسی ادارے کو گرانٹ جاری نہیں کی گئی۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومتی اخراجات کو کم کیا گیا یہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ ٹیکسوں کی وصولی میں 17 فیصد اضافہ ہوا ،اگر درآمدات کم نہ ہوتیں تو محصولات مزید بڑھتے۔ نان ٹیکس ریونیو ہدف سے زیادہ جمع کیا گیا۔
عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ڈالرز ختم ہوگئے تھے جس کی وجہ سے جاری خسارہ 20 ارب ڈالر زتھا۔ہم اس جاری خسارے کو 3 ارب ڈالر زپر لائے۔ پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا اور بیرونی سرمایہ کاری میں 137 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کمزور طبقات کو مدد دینے کے لیے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔پوری دنیا کے لوگ اس سے متاثر ہورہے ہیں، کورونا وائرس کے معیشت پر حتمی اثرات کا بعد میں پتہ چلے گا۔کورونا سے معیشت کو 3 ہزار ارب روپے جی ڈی پی کا نقصان ہوگا۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ایف بی آر کے محصولات میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے کمی آئی ہے، اگر محصولات میں کمی نہ آتی اہداف حاصل کیے جاسکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند ہونے سے بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ہے۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ان حالات میں محدود وسائل میں حکومت نے 1200 ارب روپے کا پیکیج دیا۔ایک کروڑ 60 لاکھ افراد کو کیش پروگرام سے منسلک کیا گیا جس میں سے اب تک ایک کروڑ افراد میں پیسے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News