 
                                                                              پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کے ذریعے ملازمت سے فارغ کرنے کے معاملہ پر اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کے ذریعے ملازمت سے فارغ کرنے کے معاملہ پر 9350 ملازمین نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے ملازمین کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی ہے۔
درخواست میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 2006 میں اسٹیل ملز کی پرائیویٹائزیشن کے لیے اصول وضع کیے تھے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اسٹیل ملز کو پرائیویٹ کرنے سے پہلے معاملہ کونسل آف کامن انٹرسٹ(سی سی آئی) میں لایا جائے گا۔
کونسل آف کامن انٹرسٹ میں وزیراعظم سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکام شامل ہوتے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 153 کے مطابق اسٹیل ملز کے لیے سی سی آئی میں پالیسی وضع کی جانی تھی جبکہ وفاقی حکومت نے اسٹیل ملز کو پرائیویٹ کرنے کے لیے اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی(ای سی سی) میں فیصلہ کیا ہے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسٹیل ملز ملازمین کو ایگزیکٹو آرڈر کے تحت گولڈن ہینڈ شیک کے ذریعے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کو اسٹیل ملز اور ملازمین سے متعلق غیر قانونی اقدام سے روکا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ نے ملازمین کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی ہے۔درخواست کی سماعت پیر کو جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں دورکنی بینچ کرے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 