Synopsis
بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے تعاون کا شکریہ

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر فلاح عامہ کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی ہے۔
دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ جام کمال نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے تعاون پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزراء اعلیٰ کے درمیان کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے اور ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے مشترکہ طور پر موثر اقدامات اٹھانے پر اتفاق بھی کیا گیا ہے۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے باعث غیر معمولی صورتحال سے گزر رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ضروری اقدام بروقت اٹھایا ہے۔
عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بتایا کہ ٹڈی دل سے فصلو ں کو بچانے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومتی کاوشوں کے باعث ٹڈی دل سے فصلیں زیادہ متاثر نہیں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹڈی دل کے ممکنہ اگلے حملے سے فصلوں کو بچانے کیلئے متعلقہ محکموں کو پیشگی ہدایات جاری کردی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ میر چاکر اعظم رند مقبرے کی بحالی پر ہم حکومت پنجاب کے شکر گزار ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ میں میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی اصل حالت میں بحالی کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے ہیں اور کام شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بین الصوبائی ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کی ہرممکن خدمت کرتے رہیں گے کیونکہ بلوچستان کی ترقی بھی اتنی ہی عزیز جتنی پنجاب کی۔
عثمان بزدار نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے خاران میں ٹیکنیکل کالج بنایا جائے گا جبکہ تفتان میں کمیونٹی سنٹر قائم کیا جائے گا اور تربت میں 100 بستر وں پر مشتمل ہسپتال بنائیں گے، اس ضمن میں بجٹ میں ایک ارب 25 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہو گی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا۔
جام کمال خان نے واضح کیا ہے کہ ہم پنجاب کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چوہدری، چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انفراسٹرکچر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری کوآرڈینیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News