
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ، جس میں عید الاضحی کے موقع پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے، شہروں میں صفائی کیلئے کیے گئے انتظامات اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت ہوئے کہا کہ نمازعید کے اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ مویشی منڈیوں کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عید الاضحی پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوڑا کرکٹ اورآلائشیں اٹھانے کے بعد انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اورلوکل گورنمنٹ کے ادارے عید الاضحی پر زیروویسٹ مینجمنٹ کو یقینی بنائیں۔
بغیر پروٹوکول وزیراعلی پنجاب کا مختلف علاقوں کا دورہ
عثمان بزدارنے یہ بھی کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہیے جبکہ صفائی کے بار ے میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ رواں برس انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہیئے اور عوام کو ریلیف نظر آنا چاہیئے، کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کریں۔
عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا حکومت کے متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے جبکہ لاہور اور بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ صفائی کے بہترین انتظامات پر پہلے تین اضلاع کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہوگی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،ڈپٹی کمشنر لاہور،ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرزاورویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ایم ڈیز کی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News