
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ضلع کی سطح پر ایمرجنسی پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہمہ وقت چوکس رہے اور مون سون سیزن کے پیش نظر دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو 24گھنٹے مانیٹر کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے میں قائم کنٹرول روم صورتحال پرنظر رکھیں اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکمو ں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں مون سون سیزن کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کے حوالے سے محکموں او راداروں کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اربن فلڈنگ کے خدشے کے حوالے سے شہرو ں میں ضروری انتظامات پر بھی غور کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نالوں کی صفائی کے کام میں تاخیر پر برہمہ کا اظہار کیا اور واضح کہا ہے کہ جون تک نالوں کی صفائی مکمل ہونی چاہیے تھی لیکن اب تک صفائی کا عمل مکمل نہیں کیا جاسکا، انہوں نے ہنگامی بنیادوں پر نالوں کی صفائی کے کام کو مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس ضمن میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہروں میں نکاسی آب کے لئے موثر حکمت عملی کے تحت جامع پلان مرتب کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات موسم کی صورتحال کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے، دریاؤں کے کیچمنٹ ایریاز میں ہونے والی بارشوں کی ڈیلی رپورٹ مرتب کی جائےاور کسی بھی نا گہانی صورت میں متعلقہ محکموں او رادارے اپنا ہنگامی پلان بھی تیار رکھیں۔
صوبائی وزراء محمد محسن لغاری،میاں خالد محمود،ملک نعمان احمد لنگڑیال،محمد تیمور خان،محمد ہاشم ڈوگر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام کی اجلاس میں شرکت کی جبکہ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیواورڈویژنل کمشنر ز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News