کراچی کیا پاکستان کا حصہ نہیں ہے؟ مصطفیٰ کمال
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ کراچی...
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی ہے تو پاکستان ہے، کراچی کی تباہی پاکستان کی تباہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی والوں کا امتحان تھا، 24 گھنٹے سے کم کے نوٹس پر یہاں ہزاروں لوگ پی ایس پی کے احتجاج میں پہنچیں۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے یر حصے میں پانی جمع ہو چکا ہے اس کے باوجود لوگ ہزاروں کی تعداد میں پریس کلب کے باہر موجود ہیں، کراچی والے انسان ہیں حکمرانوں کی جانب سے شہر کی تقسیم کے گھنائونے عمل کو جاری نہیں رہنے دیں گے۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے بغیر پیپلز پارٹی کا سندھ کارڈ ادھورا ہے اس لیے یہاں قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن پیپلز پارٹی کی یہ چال کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے فیصلے کے بعد وہ لوگ جو گٹر لائنوں کا بھی اختیار نہیں لے سکے وہ صوبے کا نعرہ لگا رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی یہی چاہتی ہے کہ کراچی سے کوئی سندھ کو توڑنے کی آواز لگے۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب کراچی سے سندھ کو توڑنے کی آواز لگتی ہے تو پیپلز پارٹی ہمارے معصوم سندھی بھائیوں کو بولتی ہے سندھ کو بچانا ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھی ہماری کرپشن، نااہلی، کتے کے کاٹنے اور تھر میں بھوک سے مرنے والے بچوں کو بھول جائیں جبکہ روٹی کپڑا اور مکان بھول جائیں، سندھ کو بچانے کیلئے پیپلز پارٹی کے ساتھ جڑیں۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ مہاجروں اور سندھیوں کو لڑوا کر انتخابات میں اس کا فائدہ اٹھانے کی سازش کا ناکام بنائیں گے جبکہ سندھ میں نہ مہاجر کارڈ چلے گا، نہ سندھ کارڈ چلے گا بلکہ صرف پی ایس پی کا کارڈ چلے گا۔
سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنی سیاست کی بقاء کے لئے صوبے میں لسانیت کی آگ لگا رہی ہے، ریاستی اداروں کو کہتا ہوں کہ آئین اور پاکستان کو بچائیں۔
انھوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ کارکنان گلی گلی پھیل جائیں، سب کو سمجھائیں کہ پیپلز پارٹی سندھ کے خلاف کیا سازش کر رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کو پتا ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں نہیں اس لیے نفرت کی آگ لگا رہی ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی لسانی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ کیا کرے گی ہم سندھ حکومت بھی ان سے لے لیں گے جبکہ کراچی کی تقسیم کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News