 
                                                                              پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد پہلی ترجیح نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسکردو میں انتخابی مہم کے دوران ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان پارٹی جیالوں کو زبردست خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا۔
بلاول بھٹو نے مہدی شاہ کو “بابائے روزگار” کا لقب دیا چونکہ مہدی شاہ نے جی بی کے 25ہزار نوجوانوں کو اپنے دور حکومت میں روزگار دیا تھا۔
چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی جی بی کے عوام کو بھی وہی حقوق دینا چاہتی ہے جو ملک کے باقی حصوں میں پارٹی نے عوام کو دلوائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جی بی کے عوام کی خدمت کی اور آصف علی زرداری نے جی بی کو شناخت دی، جی بی کو اسمبلی دی، جی بی کو پہلا گورنر دیا اور جی بی کو پہلا وزیراعلیٰ دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب یہ انتخابات اقتدار میں آنے کے لیے نہیں ہیں بلکہ یہ جی بی کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کی جدوجہد ہے۔
چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اب یہ شہید ذوالفقار علی بھٹوکے نواسے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بیٹے کا وعدہ ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد پہلی ترجیح نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کو روزگار دیا ہے اور جن لوگوں کو فاشسٹ حکومتوں نے نوکریوں سے نکالا تھا انہیں ان کی ملازمتوں پر بحال کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ روزگار اور حقوق جی بی کے عوام کا حق ہے اور اس حق کے حصول کے لیے عوام پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دے۔
چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آپ کے ووٹوں کی مدد سے ہم عوام کو پی ٹی آئی کی حکومت کی تباہی سے تحفظ دے سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی طرح جی بی میں بھی اسپتالوں کا جال بچھایا جائے گا۔ اسی طرح مزدوروں کے لئے بینظیر مزدور کارڈ جاری کیے جائیں گے جیسا کہ سندھ میں کیا گیا ہے۔
بلاول نے کہا کہ وہ اسکردو میں بھی بجلی گھر لگائیں گے جیسا کہ انہوں نے تھر میں تھر کول پاور پراجیکٹ لگایا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج اب ہر حلقے کے لوگ چاہے وہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ہوں یا سرکاری ملازمین پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی پی ٹی آئی نے ایک اور اپنی کٹھ پتلی جماعت کو ہمارے مقابلے میں اس حلقہ انتخاب میں کھڑا کر دیا ہے لیکن عوام انہیں جانتے ہیں اور انہیں مسترد کر دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جی بی کے عوام کو ایک بہادر نمائندہ چاہیے اور وہ خود جی بی کے عوام کے نمائندہ ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام سے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور انتخابات کے دن لوگوں کو گھروں سے نکالیں اور پولنگ اسٹیشنوں پر لا کر تیر پر مہر لگوائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹواور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا جی بی کے لیے عوام کے لیے خوشحالی کا مشن پورا کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ 15نومبر تک جی بی کے عوام کے درمیان ہی رہیں گے اور فتح کا جشن منائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 