
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں چار نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی شدید مذمت کی ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں چار مزید کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بھارتی قابض افواج نے جموں شہر کے باہران کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا ۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ گذشتہ ایک برس میں بھارتی قابض افواج نے جعلی مقابلوں،خودساختہ گھیراؤ اور تلاشی آپریشنوں میں 300 سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کشمیریوں کا قتل عام عالمی انسانی قوانین کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا گیا۔زہریلے ہندوتواء نظریہ کے تحت آر ایس ایس اور بی جے پی مل کر منظم انداز میں کشمیری نوجوانوں نشانہ بنا رہی ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ان کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل عام،دوران حراست تشدد،جبری گمشدگیوں کے ذریعہ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ،پبلک سیفٹی ایکٹ اور ان لاء فل ایکٹیویٹیز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نہتے کشمیریوں بالخصوص ان چار کشمیریوں کے قتل عام کی فوری اور شفاف عدالتی تحقیقات پر زور دیتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لینے پر زور دیتے ہیں ۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو انسانیت کے خلاف انگین جرائم کے حوالے سے کٹہرے میں لانے کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News