
چین کے سفیر نونگ رونگ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین منفرد نوعیت کے دوستانہ تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔ دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام، اعتماد، مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استوار ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے بابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔چین اور پاکستان علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف کے حامل ہیں اور دونوں دوست ممالک نے علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ دوست ملک چین کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے۔ سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کا اقدام پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمان سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔پارلیمان کے زیر سرپرستی تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیمینار منعقد کیے جار ہے ہیں ۔
اسد قیصر نے کہا کہ ان سیمیناروں میں سی پیک سے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے سی پیک کی افادیت میں گراں قدر اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ رشہ کئی اکنامک زون سے پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگاجس سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔دونوں ممالک کی پارلیمان کے مابین رابطوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 70سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کا مبارکباد کا پیغام دیا۔
اسد قیصر نے چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی 7 دہائیاں مکمل ہونے کے موقع پر دونوں اسپیکرز کی ورچوئل کانفرنس کی تجویز سے اتفاق کیا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی مثالی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ دوستی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News