افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنماء محمد کریم خلیلی کی وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابقافغان حزب وحدت اسلامی کے رہنماء کی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
اس دوران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں تاہم پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے اور افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی افغانستان کے مسئلے کا واحد حل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم دوحہ میں شروع ہونیوالے،بین الافغان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں اور تسلیم کرتے ہیں کہ بین الافغان مذاکرات میں اب تک ہونیوالی پیش رفت خوش آئند ہے۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ بدقسمتی سے بھارت افغانستان میں سپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے اور ہم نے اس حوالے سے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا متمنی نہیں جس کے باعث افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں امن و استحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے۔
افغان حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے افعان مہاجرین کی میزبانی پر بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News