 
                                                                              وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ علاقائی روابط کے فروغ کے لیے سارک فورم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے دورے پر موجود وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن ہم منصب ڈائنش گناوردنا سے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ کے سری لنکن وزارت خارجہ پہنچنے پر ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا گیا۔
دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین گذشتہ کئی دہائیوں پر محیط گہرے دو طرفہ تعلقات ہیں ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا متمنی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور سری لنکن وزیر اعظم ماہندا راجاپکاسا کی مشترکہ صدارت میں ’تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس‘ کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے آزادانہ تجارتی معاہدے ایف ٹی اے کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں معاشی روابط کے فروغ کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ، مرکزی اہمیت کا حامل ہے ۔معاشی سرگرمیوں کی ترویج کے لیے پورا خطہ اس منصوبے سے مستفید ہو سکتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اور سری لنکن پورٹس کے مابین روابط کا فروغ، وسط ایشیائی کاروباری مراکز تک آسان رسائی حاصل کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے ۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ علاقائی روابط کے فروغ کے لیے سارک فورم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے ۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ اور سارک سمیت اہم علاقائی و عالمی فورمز پر باہمی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تہذیبی و ثقافتی تعلق کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ’مذہبی سیاحت‘کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔
دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عندیہ پیش کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور سری لنکا کے مابین انسانی وسائل کی ترقی، علاقائی سلامتی ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا۔
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات کے بعد وزیر خارجہ نے ’وزٹرز بک‘میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 