وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور امریکہ کا مشترکہ مقصد ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے امریکہ کی قائم مقام سفیر انجیلا پی ایگلر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان امریکہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور ، نئی امریکی انتظامیہ اور افغانستان میں پائیدار امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں ملوث ملزمان کےحوالے سے اعلیٰ عدلیہ میں جاری اپیل پر بھی گفتگو کی گئی۔
قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ نئی امریکی انتظامیہ سے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی شہری اور صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں پاکستانی عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔ ڈینیل پرل کا خاندان انصاف کا منتظر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔ امید ہے نئی امریکی انتظامیہ سے پاک امریکہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
شیخ رشید احمد افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور امریکہ کا مشترکہ مقصد ہے۔ پاکستان نے افغانستان امن کے لیے بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے نئی امریکی انتظامیہ سے بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈینیل پرل قتل کیس میں عمر شیخ کی رہائی کے خلاف اپیلیں سپریم کورٹ میں ہیں۔ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں،یقین ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ انصاف اور قانون کے مطابق ہوگا۔
قائم مقام امریکی سفیر نے پاکستان کے کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News