وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت خطے میں امن و امان کی صورتحال اور خوشحالی کیلئے تجارتی سرگرمیوں کا فروغ وقت کا تقاضا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کا 14 واں سمٹ اجلاس منعقد کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سربراہ اجلاس کا افتتاح میرے لئے باعث فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ اجلاس کا مقصد علاقائی اقتصادی ترقی کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے معاشی وسماجی مضمرات کا مکمل تخمینہ لگانا ابھی باقی ہے اور زندگیاں بچانے کے ساتھ معیشت کی بحالی بھی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا لیکن معاشی مشکلات کے باوجود ہماری حکومت نے غیر معمولی اقدامات کیے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے کورونا بحران پر قابوپانے کیلئے 5 نکاتی پروگرام دیا تھا اور احساس پروگرام کے تحت عوام کو نقد رقوم بھی فراہم کی ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے عالمی سطح پر ویکسین کی مساویانہ فراہمی ضروری ہے، پاکستان میں کورونا ویکسین کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے پاکستان اور ترکی مل کر کاوشیں کررہے ہیں لیکن دہشتگردی کو اسلام سے جوڑنا مسلمانوں کے ساتھ بڑی زیادتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ذریعے افغانستان سمیت مشرق وسطیٰ تک رسائی اہمیت کی حامل ہے اور افغان امن عمل خطے کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانے میں معاون ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
