
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح کی وزارتِ خارجہ میں وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے۔
دوران ملاقات وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دنوں ملکوں کے مابین توانائی، صحت،ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کویتی کاروباری کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہیں گے اور ہمیں توقع ہے کہ کویت اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے، 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن “ کے طور پر منانے کی تجویز کو آگے بڑھانے میں معاونت کریگا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان، نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے، بھارت ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جبکہ بھارت کے یہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔
وزیر خارجہ نے نیامے نائجر میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی حمایت پر کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا چلا آ رہا ہے جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ پاکستان، افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و امان کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتا رہے گا۔
اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کویت، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا متمنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کویت کی تعمیر و ترقی میں، کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، کا کردار قابل تحسین ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News