
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق مشترکہ مذہب، ثقافت اور مقاصد کے حامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق مشترکہ مذہب، ثقافت اور مقاصد کے حامل ہیں اور تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عراق کی تعمیر نو میں انسانی وسائل بشمول ڈاکٹرز اور انجینئرز فراہم کرکے مدد کر سکتا ہے اور پاکستان عراق کی سالمیت اور خودمختاری کی ہمیشہ حمایت کرتا رہے گا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ عراقی وزیر خارجہ پاکستانی زائرین کو ویزا کی فراہمی اور مقدس مقامات پر سہولیات میں مدد فراہم کریں۔
صدر مملکت نے ملاقات کے دوران بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے بھارت پر پریشر ڈالے۔
اس موقع پر عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کا کہنا تھا کہ عراق پاکستان کے ساتھ تجارت، ثقافت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
ڈاکٹر فواد حسین کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں عراقی سفارت خانے پر زائرین کو ویزا دلانے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News