
آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پندرہ اگست 1947 کو برطانیہ کی غلامی سے آزادی حاصل کرنے کے صرف 72 دن بعد 27 اکتوبر 1947 کے دن کشمیر پر حملہ کرکے کشمیریوں کو غلام بنانے والے ہندوستان کو یومِ آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے یومِ آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں صدر ریاست سردار مسعود خان نے کہا کہ گزشتہ 74 سال میں ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے بھارتی قبضہ کو ایک دن کے لیے بھی دل سے تسلیم نہیں کیا اور جب تک بھارت کشمیریوں کو اُن کی سیاسی اُمنگوں کے مطابق موقعے فراہم کرکے اُنھیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں دیتا اُن کی جدوجہد جاری رہے گی۔
صدر سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں سکولوں اور کالجوں کے بچوں اور سرکاری ملازمین کو زبردستی بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت پر مجبور کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد قومیں بندوق کی نوک اور لاٹھی، ڈنڈے کے ذریعے لوگوں کو آزادی کا دن منانے پر مجبور نہیں کیا کرتیں، کشمیریوں نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر کشمیر کے دونوں حصوں میں جوش و خروش سے یوم آزادی مناکر پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا ثبوت دیدیا ہے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ جس دن بھارت نے اپنی نولاکھ فوج سے کشمیری لوگوں پر جبر کا نظام ختم کیا اُس دن بھارتی حکمران خود اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کرلیں گے کہ کتنے کشمیری بھارت کا یوم آزادی مناتے ہیں اور کتنے پاکستان کا یوم آزادی مناتے ہیں۔
صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ جموں وکشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کو حق لائے تاکہ اس حل طلب مسئلہ کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کے لاحق خطرات کو کم کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News