
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ آج عہد کرتے ہیں سید علی گیلانی کے مشن کو آگے لے کر چلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے اسلام آباد میں بابائے حریت سید علی گیلانی کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت پر افسوس ہے، آج عہد کرتے ہیں سید علی گیلانی کے مشن کو آگے لے کر چلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے سید علی گیلانی کے خاندان کے ساتھ جو رویہ اپنایا وہ قابل مذمت ہے، بھارت خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہتا ہے اس کا چہرہ سب نے دیکھ لیا۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر دورے کے موقع پر سید علی گیلانی سے ملاقات ہوئی، جس استقامت کے ساتھ انہوں نے تحریک چلائی وہ قابل تحسین ہے۔
سلطان محمود نے کہا کہ بھارت کا خیال تھا سید علی گیلانی کی وفات کے بعد تحریک دب جائے گی، سید علی گیلانی کی وفات کے بعد نئی تحریک جنم لے رہی ہے۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہماری آر پار کی قیادت حریت کانفرنس ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر جو بھی اقدام اٹھائیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو دعوت دیتا ہوں مل بیٹھ کر روڈ میپ تیار کریں۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کو ان کا حق ملنا چاہیے، کوئی ایسی چیز نہیں کرنی چاہیے جس سے مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچے۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی اب تک کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News