
آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے لیے عظیم خدمات سرانجام دیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ممتاز سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ آج پاکستان ایک قومی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔
صدر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سلام پیش کرتی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر کا کہنا تھا کہ اللہ پاک ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے درجات سر بلند فرمائے۔
واضح رہےکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 3 صدارتی ایوارڈ ملے، انہیں 2 بار نشان امتیازسے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر عبد القدیر خان 15 برس یورپ میں رہنے کے دوران مغربی برلن کی ٹیکنیکل یونیورسٹی، ہالینڈ کی یونیورسٹی آف ڈیلفٹ اور بیلجیئم کی یونیورسٹی آف لیوؤن میں پڑھنے کے بعد 1976ء میں واپس پاکستان لوٹ آئےـ
ڈاکٹر عبد القدیر خان نے ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس جبکہ بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئری کی اسناد حاصل کرنے کے بعد 31 مئی 1976ء میں ذوالفقار علی بھٹو کی دعوت پر انجینئری ریسرچ لیبارٹریزکے پاکستانی ایٹمی پروگرام میں حصہ لیا۔
بعد ازاں اس ادارے کا نام صدر پاکستان جنرل محمد ضیا الحق نے یکم مئی 1981ء کو تبدیل کرکے ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز رکھ دیا۔
یہ ادارہ پاکستان میں یورینیم کی افزودگی میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
ڈاکٹرعبد القدیر خان نے نومبر 2000 میں ککسٹ نامی درسگاہ کی بنیاد رکھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News