
ترجمان اے این پی خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس عوام کو تسلیاں دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔
ثمر ہارون نے پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پشاور کے غیور عوام نے آج ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسے میں عوام سننا چاہتی تھی کہ وزیراعلیٰ مہنگائی کے خاتمے کے لیے کیا اعلان کریں گے لیکن لوگوں کو تسلیاں ہی دی گئیں، حکومت کے پاس عوام کو تسلیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دیکھا جا رہا ہے کہ مہنگائی اور بدترین معیشت کے دفاع میں جلسے کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان اے این پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جلسے کے لیے سرکاری مشینری کا بدترین استعمال کیا گیا۔ ڈبلیو ایس ایس پی کی گاڑیاں، سرکاری ہیلی کاپٹر، سرکاری گاڑیاں، سرکاری اہلکار، سب کچھ ایک جماعت کے جلسے کے لیے استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خپلہ خاورہ خپل اختیار کے نعرے نے اس صوبے کو شناخت اور وسائل پر حق دلایا، وہی حق جسے آج پی ٹی آئی حکومت اپنی جماعت سے لینے میں ناکام ہو چکی ہے۔
ترجمان اے این پی خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے شیڈول کے بعد بھی جلسے جاری رہنا انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News