
پیٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کو گیس فراہمی سے متعلق وضاحت پیش کر دی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مختلف نیوز چینلز پر ایک گمراہ کن خبر چلائی جا رہی ہے کہ گیس کی قلت ہونے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سوئی ناردرن کو گیس کی فراہمی سے متعلق احکامات دیے ہیں کہ کھانے کے اوقات گھریلو صارفین کو گیس پوری طرح فراہم کی جائے۔
ادارے نے مزید کہا کہ دن میں صرف 3 وقت گھریلو صارفین کو گیس مہیا کرنے کا کوئی فیصلہ اب تک نہیں ہوا۔
دوسری طرف سوئی ناردرن گیس نے گیس کی بندش کے بارے میں اپنا بیان دے دیا۔
ادارے نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ گیس بندش کے حوالے سے اب تک کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے زیرِ گردش اطلاعات جن میں گیس بندش کے اوقات ظاہر کیے جا رہے ہیں، سراسر غلط ہیں اور ان کی طرف سے ایسی کوئی بات نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گیس بندش کی کچھ غلط خبریں گردش کر رہی تھیں جن میں گیس کی بندش کے اوقات بھی بتائے گئے تھے۔
کچھ نجی ویب سائٹس نے اس طرح کی خبریں بھی شائع کیں کہ گیس کا شارٹ فال دسمبر کے دوران 600 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جائے گا اور گیس کی ڈیمانڈ دو ہزار اور سپلائی چودہ سو سے ساڑھے چودہ سو ایم ایم سی ایف ڈی ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری میں گیس کی قلت 800 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جائے گی جبکہ گیس کی ڈیمانڈ 32 تا 33 سو ایم ایم سی ایف ڈی ہو گی۔
ذرائع نے کہا کہ وزرات توانائی کی ہدایت پر ایس این جی پی ایل نے گیس سپلائی کا شیڈول جاری کیا جس میں کہا کہ درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ہونے پر سی این جی سیکٹر اور جنرل انڈسٹری کو گیس سپلائی بند رہے گی۔
شیڈول کے مطابق گھریلو صارفین کو صرف کھانا پکانے کے لیے گیس ملے گی اور گیس پر چلنے والے بجلی گھروں اور کیپٹو پاور سٹیشنز کو بھی گیس سپلائی بند رہے گی۔
جاری کردہ شیڈول میں کہا گیا کہ کھاد انڈسٹری کو وقتا فوقتا گیس سپلائی دی جائے گی، گھریلو صارفین کو صبح ساڑھے پانچ سے دس بجے تک گیس ملے گی، گھریلو صارفین کو دوپہر ساڑھے گیارہ بجے سے ڈھائی بجے تک گیس ملے گی، صارفین کو رات کا کھانا بنانے کے لیے 6 بجے سے لے کر دس بجے تک گیس سپلائی دی جائے گی اور گیس پائپ لائنز کے اختتام کے قریبی علاقوں میں گیس کی سپلائی کم پریشر کے ساتھ ملے گی۔
ایس این جی پی ایل نے مزید کہا کہ کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سوئی ناردرن گیس اور پیٹرولیم ڈویژن نے یہ واضح کر دیا ہے کہ انہوں نے اس قسم کا کوئی شیڈول اب تک جاری نہیں کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News