
پاکستان اور سوئٹزرلینڈ نے سیاسی مشاورت کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا 11 واں دور 12 نومبر 2021 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) ڈاکٹر محمد طارق نے کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، دفاع، سلامتی، زراعت اور کثیر جہتی فورمز پر تعاون بھی مذاکرات کا حصہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کا شمار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے سرفہرست ممالک میں ہوتا ہے۔
پاکستان اور سوئٹزرلینڈ نے دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی معاملات کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔ سوئس وفد نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغانستان سے سوئس شہریوں اور دیگر افراد کے انخلاء میں پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دو طرفہ اور کثیرالجہتی دونوں سطحوں پر قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سفیر ناگیلی نے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیکرٹری خارجہ نے حکومت کی جیو پولیٹیکس سے جیو اکنامکس کی طرف تبدیلی پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ سیاسی مشاورت کا طریقہ کار دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے اور مستقبل کے تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک مفید پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News