وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے سموگ پر قابو پانے کے لئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔
لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو سوموار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تعلیمی ادارے ورچوئل کلاسز کا انتظام کرسکیں گے۔
لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں تمام نجی دفاتر بھی پیر کو بند رہیں گے ، نجی دفاتر کا عملہ گھر سے کام کرسکے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا، ان فیصلوں کا اطلاق 15 جنوری 2022 تک ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سموگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کی مانیٹرنگ کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو ضروری اختیارات دئیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں میں ٹائر جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔
عثمان بزدار کے مطابق پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے سموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے۔ کوڑا کرکٹ کو جلانے کی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم اے میں 24/7 سموگ مانیٹرنگ سیل قائم ہے، لاہور میں 5 اینٹی سموگ سکواڈ تشکیل دیئے ہیں، اینٹی سموگ سکواڈ کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News