
ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر کونامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عمر خطاب شیرانی اپنے گھر میں موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے انہیں گھر کے باہر بلایا۔ جیسے ہی وہ گھر سے باہر نکلے نامعلوم افراد ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے عمر خطاب کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا لیکن اس وقت تک وہ دم توڑ چکے تھے۔
عمر خطاب شیرانی ناصرف عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر تھے بلکہ وہ بلدیاتی انتخابات میں سٹی کونسل کی رکنیت کے لیے انتخاب بھی لڑ رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے جب کہ شواہد کی روشنی میں ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما مشتاق میانی کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیاسی قیادت پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگٸی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News