 
                                                                              سیالکوٹ میں گزشتہ روز غیر ملکی شہری کے قتل کے الزام میں 900 ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جب کہ 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں غیر ملکی منیجر کو قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے واقعے میں فیکٹری میں کام کرنے والے 900 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی ،قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ملزمان کی گرفتاری کے لیے آر پی او گوجرانولہ کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے 50 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں، اب تک 100 سے زائد افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس واقعے کی وزیر اعظم اور آرمی چیف شدید مذمت کرچکے ہیں۔ وزیر اعظم نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ سری لنکن منیجرکو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے۔ واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ ایسے ماورائے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں۔ اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے سول انتظامیہ کو مدد فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 