
تھانہ بھیرہ پولیس کی حراست سے اغواء اور بھتہ خوری کے مقدمے میں ملوث پولیس اہلکار فرار ہو گیا ہے۔
اغواء اور بھتہ خوری کے مقدمے میں ملوث پولیس اہلکار کے فرار ہونے کے معاملے پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا اور آر پی او سرگودھا کے حکم پر ایس ایچ او سمیت تھانے کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
تھانہ بھیرہ پولیس نے تاجر کی درخواست پر چند روز قبل دو پولیس اہلکاروں ظفر اور کاشف کو اغواء اور بھتہ خوری کے الزام میں مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملزمان جسمانی ریمانڈ پر تھانہ بھیرہ میں بند تھے۔
آج پولیس اہلکار ظفر تھانے کے عملے کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واقعے کے بعد آر پی او سرگودھا محمد فیصل رانا نے ڈی پی او کو موقع پر پہنچ کر غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جس پر ڈی پی او نے تحقیقاتی رپورٹ میں ایس ایچ او محمد الیاس، محرر، نائب محرر اور ایک اے ایس آئی کو قصور وار قرار دیا۔
آر پی او سرگودھا فیصل رانا کے حکم پر ایس ایچ او سمیت غفلت کے مرتکب تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم فرار ہونے والا ملزم کانسٹیبل ظفر اقبال کو گرفتار نہ کیا جا سکا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News