
پنجاب کے ضلع خانیوال کے حلقہ پی پی 206 میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رانا سلیم نے 47649 ووٹوں کے ساتھ میدان مار لیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی نورین نشاط 34030 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔
نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار میر واثق حیدر 15059 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر اور پاکستان تحریک لبیک کے شیخ اکمل 9619 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ پی پی 206 ضمنی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 48.85 رہا۔
پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 206 میں ضمنی انتخاب کے لیے صبح سویرے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔
خانیوال کے حلقے 206 میں 183 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے، جہاں 2 لاکھ 30 ہزار 689 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت 13 امیدوار انتخابی میدان میں موجود تھے، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے نشاط احمد ڈاہا کی وفات پر خالی ہوئی تھی، تاہم اب مرحوم نشاط احمد ڈاہا کی اہلیہ بیگم نورین نشاط تحریک انصاف کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہی ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف کے سابق امیدوار رانا سلیم مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر میدان میں موجود ہیں۔
دوسری جانب پولنگ اسٹیشن غلہ منڈی پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک لبیک کے کارکنان میں پولنگ کا ٹائم ختم ہونے کے بعد زبردستی پولنگ اسٹیشن میں گھسنے پر تصادم ہوا۔
ن لیگی اور تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کی جانب سے ڈنڈوں، گھسوں، کا آزادنہ استعمال کیا گیا۔
پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کارکنان کو منتشر کیا۔
گذشتہ روز الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار نے خانیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خانیوال کے عوام گھروں سے باہر نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں، کسی کو امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News