
حسن مرتضی نے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔
پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی و جنرل سیکرٹری پی پی پنجاب حسن مرتضی شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آئندہ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی بنائے گی، اپوزیشن منتشر ہے انتشار کو ختم کریں۔
انہوں نے کہا کہ 30 جنوری کو بلاول بھٹو زرداری صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی کی دعوت پر سیال شریف آرہے ہیں جہاں جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نااہلی، نالائقی اور بدانتظامی کی ایک تاریخی مثال ہے، حکومت کے خاتمہ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو ایک ہونا ہو گا جس کے لیے میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو متفقہ جدوجہد کی دعوت دیتا ہوں۔
حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ جلسے کے سلسلہ میں سرگودھا انتظامیہ سے ملے تو ہمارے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن پر زندگی تنگ کر رکھی ہے۔ درجہ چہارم کی ملازمت کا میرٹ غربت ہونا چاہیے لیکن یہ سیٹیں بھی پیسے لے کر فروخت کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سرکاری وسائل کے بہتر استعمال پر خاموش نہیں رہے گی۔ جو سرکاری ملازمین غیر قانونی کاموں میں حصہ دار بن رہے ہیں ان کا احتساب ہو گا۔ کوئی کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، اور دیگر افسران جو بھی ناجائز کاموں میں حصہ دارہو گا ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں کہ درگاہ سیال شریف کے ورثاء میں اختلافات ہیں۔
حسن مرتضی نے کہا کہ صاحبزادہ نعیم الدین سیالوی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو سیال شریف آنے کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن منتشر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ انتشار کو ختم کریں اور ایک دوسرے کے قریب آئیں، سولو فلائٹ نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے وقت میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر سیاسی جدوجہد کریں گے، پاکستان پیپلز پارٹی گلی محلے کی نہیں بلکہ ملک گیر جماعت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News