
حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگاکر پیسے بنائے۔
وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایماندار اور دیانتدار سربراہ خود کو قوم کے آگے جوابدہ سمجھتا ہے، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں عوامی مسائل پر توجہ رکھی۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ دنیا کے مضبوط معاشی ممالک اس وقت مہنگائی کا شکار ہے، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں سے پاکستان بھی متاثر ہورہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگاکر پیسے بنائے، مہنگائی پر سیاست کرنے والے اپنے ادوار بھول چکے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیسے لیکر ن لیگ اور پی پی نے ڈرون حملوں کی اجازت دی، آج عمران خان کے دور میں کسی کی ہمت نہیں ڈرون حملے کرنے کی۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور بجلی پر رلیف وزیراعظم کا خوش آئند فیصلہ ہے، پیٹرول کی قیمت میں کمی سے عوام کو رلیف ملے گا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ خاندانی سیاسی مافیاز ملک کی ترقی و خوشحالی سے خوفزدہ ہیں، ملک کو لوٹنے والے مافیاز وزیراعظم سے گھبرائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ایماندار شخص کو کرپٹ لٹیرے اور ڈاکو ڈرا نہیں سکتے، عدم اعتماد لانگ مارچ سمیت اپوزیشن کی تمام شوبازیاں ناکام ہوچکی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سخت مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم اپنی قوم کو ریلیف دینے میں مصروف ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن رہے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اگلے بجٹ تک پیٹرول، ڈیزل کی قیمت میں 10،10 روپے کی کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی فی یونٹ میں 5 روپے کی کمی کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے پاکستانیوں آج آپ کے سامنے اس لیے حاضر ہوا ہوں، دنیا میں صورتحال بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور پاکستان اس میں متاثر ہوگا، آج میں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر بات کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ حال ہی میں نے روس اور چین کا دورہ کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News