
پنجاب بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکاریوں کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔
کریک ڈائون کے نتیجے میں صوبہ کے مختلف مقامات سے چالیس غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے چار لاکھ چھہتر ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیں جرمانہ وصول کیا گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف نارووال نے کرتارپور بارڈر ایریا سے پاڑہ ہرن کے شکار میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر کے انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے جوڈیشل حوالات بھیج دیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں ریجن کے مختلف اضلاع میں بتیس غیر قانونی شکاریوں کو تین لاکھ پندرہ ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن محمد احسان راجہ کی قیادت میں راولپنڈی میں جنگلی سور کے تین غیر قانونی شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان سے تیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کیے گئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان ریجن محمد حسین گشکوری کی ہدایت پر وائلڈ لائف اسٹاف لودھراں نے نایاب چیل کے دو غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے انہیں بیس ہزار روپے جرمانہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سرگودھا ریجن میاں محمد اختر کے مطابق ریجن میں مرغابی اور بٹیر کے دو شکاری گرفتار کیے گئے جن کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سالٹ رینج چکوال عرفان فاروقی کی سربراہی میں تیتر اور بٹیر کے چارغیر قانونی شکاری گرفتار کیے گئے جنہیں چالیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیں جرمانہ کیا گیا۔
ایسی ہی دیگر کارروائیوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولپور ریجن رائے زاہد علی کی نگرانی میں رحیم یار خان چولستان کے ایریا سے جنگلی جانوروں کے غیر قانونی شکار کی پاداش میں 03 شکاریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک مقدمہ کمپائونڈ ہونے پر اکہتر ہزار پانچ سو روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا گیا۔
دیگر دو شکاریوں کو مال مقدمہ موٹر سائیکل، بندوق اور چھری برآمد کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News