
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا فیصلہ پورے پاکستان کیلئے ایک سیاسی یکجہتی کا اظہار ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کا متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلنے کا فیصلہ بہت اچھا اقدام ہے، ایم کیو ایم کا فیصلہ کراچی اور سندھ کے مفادات میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں صحت مند سیاست کی بنیاد ڈالنا چاہتے ہیں، عوام کا شکر گزار ہیں جنہوں نے سلیکٹڈ کو نکالنے کے لیے قربانیاں دیں، 4 سال سے ہونے والے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ جن دوستوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا انہیں چاہیے کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوں، اب بھی وقت ہے جو دوست فیصلہ نہیں کر سکے جلدی کر لیں۔
فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی اور اقتصادی اصلاحات کی ضرورت ہے، اب سب کچھ حکومت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، سنا ہے وہ قوم سے خطاب کرے گا؟
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سازش اس وقت ہوئی تھی جب عمران خان کو لایا جا رہا تھا، متحدہ اپوزیشن اپنے موقف پر آخری دم تک قائم ہے، کوئی سازش نہیں ہو رہی یہ سب ڈرامہ ہے، آپ کی کوئی حیثیت نہیں کہ آپ کے خلاف سازش ہو۔
اس کے علاوہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے کراچی کے مفادات میں اچھا فیصلہ کیا ہے، ایم کیوایم کا متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہر حال ہر صورت میں مل کر کام کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 2018 میں الیکشن کے نام پر جو الیکشن ہوئے وہ سلیکشن تھی، اس سلیکشن کا نقصان کراچی اور پورے ملک کی قوم اٹھا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان اپنی اکثریت کھوچکے ہیں۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے تمام سیاسی مفادات پر پاکستان کے مفادات کو ترجیح دی ہے، ہمارا ذاتی اور جماعتی کوئی بھی مفاد شامل نہیں، ہمارے معاہدے کی ایک ایک شق پاکستان کے عوام کے لئے ہے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی اختلافات ختم کر کے آگے بڑھیں، امید کرتا ہوں کہ اب دعوؤں اور وعدوں سے آگے کام کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News