وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ایران نے جہاز فراہم کر دیا ہے۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے ژوب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں سے دوست ملک ایران نے جہاز فراہم کر دیا ہے، ایرانی جہاز جلد شیرانی میں آپریشن شروع کر دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے مکمل طور پر الرٹ ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، شیرانی میں پی ڈی ایم اے نے امدادی کیمپ بھی قائم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے 3 افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا گیا ہے، وفاقی حکومت بھی شہدا اور زخمیوں کے لیے جلد امداد کا اعلان کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فورسز کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت سمیت پاک فوج اور ایف سی کی ممکنہ امداد جاری ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ضلع شیرانی میں دیودار کے درختوں کو لگنے والی آگ بجھانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، یہ آگ سات کلومیٹر کے دائرے میں پھیل چکی ہے۔
علاقے میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے اس میں تین افراد کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داری کا تعین کرنے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کو صوبے کے دو اضلاع میں لگی آگ بجھانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔
ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پاک فوج اور ایف سی آگ پر قابو پانے کے لیے مدد فراہم کر رہے ہیں جب کہ پاکستان رینجرز بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور این ڈی ایم اے نے بلوچستان حکومت کو آگ بجھانے کا ضروری سامان فراہم کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
